ابنا: ایران کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے کمیشن کے سربراہ علاءالدین بروجردی نے کہا ہے کہ شام، مستقبل میں اور زیادہ طاقتور ہوگا۔ انھوں نے تہران میں فلسطین، شام، تیونس اور مصر کے سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال میں شام میں انتخابات کا انعقاد، اس ملک کے عوام کی ایک بڑی کامیابی کے مترادف ہے۔ علاءالدین بروجردی نے، جو فلسطین، شام، تیونس اور مصر کے ایران پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ بھی ہیں، شام میں جاری تبدیلیوں اور اس ملک میں بیرونی ممالکے حمایت یافتہ دہشتگردوں کے اقدامات کے مقابلے میں شام کی حکومت اور قوم کی کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی حکومت اور قوم، شام کی حکومت اور قوم کے ساتھ رہی ہے اور آئندہ بھی وہ ان کے ساتھ رہیں گي۔ ایران کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے کمیشن کے سربراہ نے عالم اسلام خاصطور سے شام اور فلسطین کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فلسطین کو عالم اسلام کا ایک اہم ترین مسئلہ قرار دیا۔ انھوں نے مصر کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ اس ملک میں عوام کی حمایت اور ان کے عزم و ارادے سے جمہوری عمل آگے بڑھے گا۔ اس ملاقات میں فلسطین، شام، تیونس اور مصر کے سفیروں نے بھی علاقے اور پورے عالم اسلام میں ایران کے موثر اور بنیادی کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ان کے ممالک، ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دیئے جانے کے خواہاں ہیں۔
.......
/169